۲ آذر ۱۴۰۳ |۲۰ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 22, 2024
پاکستانی زائرین کو عراقی جانے میں مشکلات، علامہ شفقت شیرازی کا اہم عراقی شخصیات اور حکام سے رابطہ

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ نے عراق کی اہم سیاسی، مذہبی اور سفارتی شخصیات سے رابطے کئے اور انہیں عراق بارڈر کی بندش کے باعث برای راست زمینی سفر کرنےکے خواہشمند پاکستانی زائرین کے اضطراب سے آگاہ کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،اسلام آباد/ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکرٹری امور خارجہ حجۃالاسلام والمسلمین ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے عراق کی اہم سیاسی، مذہبی اور سفارتی شخصیات سے رابطے کئے اور انہیں عراق بارڈر کی بندش کے باعث برای راست زمینی سفر کرنےکے خواہشمند پاکستانی زائرین کے اضطراب سے آگاہ کیا۔

انہوں نے عراق کی مقبول پارلیمانی جماعت الحکمت کے سربراہ سید عمار حکیم اور مجلس اعلیٰ اسلامی کی پارلیمانی قیادت سے رابطہ کر کے پاکستانی زائرین کے لیے بارڈر کھولنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے عراقی رہنماؤں کو بتایا کہ پاکستان سے سالانہ لاکھوں زائرین امام حسین علیہ السلام سڑک کے راستے عراق آتے ہیں۔ایران سے ان کی واحد گزرگاہ عراقی بارڈر ہے جو اس وقت تک پاکستانی زائرین کے لیے نہیں کھولا گیا ہے۔ انہوں نے عراقی رہنماؤں سے مطالبہ کیا کہ زائرین کے امور میں آسانی پیدا کرنا شرعی اور قانونی تقاضا ہے اسے فی الفور ادا کیا جائے تاکہ لاکھوں پاکستانی عشاق محمد و اہل بیت محمد زیارت روضہ سید الشہداء سے مشرف ہوسکیں۔

ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے پاکستان میں تعینات عراقی سفیر سے بھی رابطہ کیا اور انہیں زیارتی سفر کے دوران درپیش مشکلات سے آگاہ کیا اور عراقی حکومت سے ان مسائل کو جلد از جلد حل کروانے کا مطالبہ کیا۔انہوں نے نے مراجع کرام سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اس عنوان سے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی جس پر دفتر مرجع عالیقدر حضرت آیت اللہ العظمی حافظ بشیر حسین حفظہ اللہ نے بتایا کہ مرجعیت ہمیشہ کی طرح بارڈر سمیت زائرین کے جملہ مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہے۔

واضح رہے کہ ایمڈبلیو ایم پاکستان کے رہنما کو اہم شخصیات کی جانب سے بارڈر کی بندش کے مسئلے کو جلد از جلد حل کروانے کی یقین دہانی کرائی گئی ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .